واشنگٹن24جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے نامزد کردہ نئے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ ٹِلرسن تیل کمپنی ایکسون موبیل کے سابق سربراہ ہیں اور اس منظوری کے بعد ان کی نامزدگی کی توثیق کے لیے امریکی سینیٹ میں رائے شماری کے لیے راہ ہموار ہو گئی ہے۔ امریکی سینیٹ نے مائیک پومپیو کی ملکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے نئے سربراہ کے طور پر تقرری کی بھی منظوری دے دی۔ آج منگل کے روز سینیٹ کی انصاف سے متعلقہ امورکی کمیٹی کے ارکان کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا صدر ٹرمپ کے نامزد کردہ سینیٹر جیف سیشنز کو نیا امریکی اٹارنی جنرل بنادیاجانا چاہیے۔